نئی قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے موقع گیلری سے کسی نے گھڑی چور کے نعرے لگادیئے، تاہم ایوان کی سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں نے نعرہ بازی کرنے والے شخص کو باہر نکال دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے اراکین قومی اسمبلی اجلاس میں پہنچے، اراکین کی جانب سے قومی اسمبلی ہال میں نعرے بازی کی گئی، “کون بچائے گا پاکستان، قیدی نمبر 804 کے نعرے” کے نعر ے لگائے گئے، اراکین نے بانی پی ٹی آئی کے پوسٹرز اٹھائے رکھے۔
اسی طرح سابق صدر آصف علی زرداری کی ایوان میں آمد کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین نے ڈیسک بجا کر آصف علی زرداری کا استقبال کیا، ایوان میں ایک زرداری سب پہ بھاری کے نعروں کی گونج سنائی دی جب کہ مسلم لیگ ن کے اراکین قومی اسمبلی اپنی پارٹی کے قائد نواز شریف کی نشست کے ارگرد جمع ہوئے اور سابق وزیراعظم کے حق میں نعرے بازی کی۔
بتایا جارہا ہے کہ قائم مقام سپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں اجلاس تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک، نعت اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد نو منتخب اراکین نے حلف اٹھایا، جس کے ساتھ ہی عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے ارکان کی حلف برداری کے بعد پاکستان کی 16 ویں قومی اسمبلی وجود میں آگئی۔ بتایا گیا ہے کہ نئی قومی اسمبلی کے اففتاحی اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس جانے والے راستوں پر سکیورٹی انتہائی سخت کی گئی، ریڈ زون میں داخلے کے لیے سرینا چوک، نادرا چوک اور ڈی چوک والے راستے بند رہے، ریڈزون میں داخلے کے لیے مارگلہ روڈ کا راستہ کھلا رکھا گیا، ریڈزون جانے والے راستوں پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات تھی، گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کے بعد ریڈزون میں داخلے کی اجازت دی گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ افتتاحی اجلاس کے دوران قومی اسمبلی احاطے کے دروازے پر سارجنٹ، ایف سی، رینجرز اور اسپیشل برانچ کے اہلکارتعینات کیے گئے، اجلاس کے دوران غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر سخت پابندی عائد کی گئی، اجلاس میں مہمانوں کے لیے جاری کردہ اپروزیٹر گیلری کے کارڈ منسوخ کردیئے گئے، انتظامیہ نے قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے مہمانوں کے کارڈ سکیورٹی وجوہات کے پیش نظر منسوخ کیے، نومنتخب ارکان کو ایوان میں داخلے کے لیے قومی اسمبلی کا خصوصی کارڈ لازمی قرار دیا گیا، قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں سفارتکاروں کو بھی مدعوں کیا گیا۔