2016 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ کی سپر ہٹ فلم دنگل میں بطور چائلڈ اداکارہ کام کرنے والی سہانی بھٹناگر 19 برس کی عمر میں چل بسیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کچھ عرصہ قبل سہانی بھٹناگر کی ٹانگ میں فریکچر ہوا تھا جس کے علاج کے لیے انہوں نے دوائیاں لی تھیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان دوائیوں نے اداکارہ کی صحت پر منفی اثر ڈالا جس کے بعد ان کے پورے جسم میں پانی جمع ہونے لگا تھا۔
سہانی گزشتہ کچھ دنوں سے اسپتال میں زیرِ علاج تھیں کہ ہفتے کی صبح وہ انتقال کرگئیں، سہانی کو تشویشناک حالت میں دہلی کے ممتاز آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں اداکارہ کا علاج جاری تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
واضح رہے کہ دنگل 23 دسمبر 2016 کو ریلیز کی گئی تھی جس میں سہانی نے عامر خان کی چھوٹی بیٹی ببیتا کماری کے بچپن کا کردار نبھایا تھا، ببیتا کماری کی جوانی کا کردار اداکارہ ثانیہ ملہوترا نے نبھایا تھا۔
اداکارہ کی یوں اچانک موت پر شوبز کی معروف شخصیات دکھ اور افسوس کا اظہار کررہی ہیں۔